ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رکشا بندھن تحفظ اور نگہداشت کی علامت ہے : نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو

رکشا بندھن تحفظ اور نگہداشت کی علامت ہے : نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو

Sun, 26 Aug 2018 23:18:58    S.O. News Service

نئی دہلی26 اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ رکشا بندھن تحفظ اور نگہداشت کی علامت ہے۔ وہ آج نئی دہلی میں مختلف اسکولوں کے 100 سے زائدان بچوں سے خطاب کر رہے تھے جو انہیں رکشا بندھن کے موقع پر راکھی باندھنے ان کی رہائش گاہ پر آئے تھے۔

نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ ایک قدیم ہندوستانی روایت ہے اور رکشا بندھن کا تہوار روایتی طور پر بھائی بہن کے درمیان انسانی رشتے کا تہوار ہے جس کی موجودہ دورمیں اور غالبا ہر دور میں بہت اہمیت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ یکجہتی کا تہوار ہے ، اتحاد کا تہوار ہے اور انسانیت کا تہوار ہے۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ آئیے ، ہم لوگ ایسی راکھی باندھیں جو ہم سب کو اتحاد کے بندھن میں باندھتی ہے۔ ہم ان سارے اختلافات کو بھلا دیں جو ہمارے سماجی ڈھانچے کو منتشر کرنا چاہتے ہیں۔نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ رکشا بندھن بھائی بہن کے مابین غیر مرئی رشتے کی عکاسی کرتا ہے اوراس میں بھائی کے ذریعہ بہن کے تحفظ کا جذبہ مضمر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب خواتین کے تحفظ اور ان کے وقار کا احترام کرتے ہوئے رکشا بندھن کی روایت کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہ کہ بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ اور بیٹی بڑھاؤ ہر ہندوستانی کا مقصد ہونا چاہیے۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نائب صدر جمہوریہ کی رہائش گاہ پر گئیں اور انہیں راکھی باندھی۔ نائب صدر جمہوریہ کی اہلیہ محترمہ اوشا نائیڈو اس موقع پر موجود تھیں اورایک دوسرے کو رکشا بندھن کی مبارکباد پیش کی۔ 


Share: